بنٹوال،4؍جولائی (ایس او نیوز) وٹل پولیس اسٹیشن کے حدود میں مبینہ طور پر چار افراد کی ٹولی نے ایک نوجوان کو چاقو گھونپ کر زخمی کردیا جس کے بعد اس کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق زخمی نوجوان کا نام عبدالحارث (25 سال) ہے۔ حارث کی طرف سے درج کروائی گئی شکایت کے مطابق جب وہ اپنے گھر کی طرف لوٹ رہا تھا تو اویناش، ونیت، دنیش اور ایک اجنبی شخص نے اس پر پیچھے حملہ کردیا اور جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔ کہا جاتا ہے کہ ملزمین اور حملہ کا شکار ہوئے نوجوان کے بیچ پرانی رقابت چل رہی تھی۔ اس کے علاوہ بعض ذرائع سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ ایک نابالغ کے ساتھ جنسی ہراسانی کے معاملہ میں حال ہی میں حارث پر پوکسو ایکٹ کے تحت ایک کیس بھی درج ہوا ہے۔